علماء کے دلچسپ اور مزاحیہ جوابات
1. ایک شخص نے امام شعبی سے پوچھا: "داڑھی پر مسح کیسے کروں؟"
امام شعبی نے کہا: "انگلیوں سے داڑھی کو اچھی طرح کنگھی کر لو۔"
وہ بولا: "مجھے ڈر ہے کہ داڑھی پھر بھی نہیں بھیگے گی!"
امام شعبی نے کہا: "تو پھر رات کو داڑھی کو بالٹی میں ڈال کر سو جاؤ، صبح تک خود ہی تر ہو جائے گی!"
2. ایک بندے نے امام شعبی سے پوچھا: "احرام کی حالت میں کھجلی کر سکتے ہیں؟"
امام شعبی نے کہا: "ہاں، کر سکتے ہیں!"
وہ بولا: "لیکن کتنی دیر تک کھجلی کر سکتے ہیں؟"
امام شعبی نے کہا: "جب تک ہڈی نہ چمکنے لگے، کھجلاتے رہو!"
3. ایک شخص عمر بن قیس کے پاس آیا اور بولا: "اگر مسجد کی کنکریاں میرے کپڑوں، جوتوں یا پیشانی پر لگ جائیں تو کیا کروں؟"
عمر صاحب نے کہا: "پھینک دو!"
وہ بولا: "لوگ کہتے ہیں کہ کنکریاں واپس مسجد نہ جائیں تو چیختی رہتی ہیں!"
عمر صاحب نے کہا: "تو پھر انہیں چیخنے دو، جب تک ان کا گلا بیٹھ نہ جائے!"
وہ بولا: "کنکریوں کا بھی گلا ہوتا ہے؟"
عمر صاحب نے کہا: "تو پھر وہ چیختی کس چیز سے ہیں، بھائی؟"
4. ایوب کہتے ہیں کہ ایک بندہ حضرت عکرمہ کے پاس آیا اور بولا: "میں نے خواب میں دیکھا کہ فلاں شخص نے مجھ پر زنا کی جھوٹی تہمت لگائی!"
حضرت عکرمہ نے ہنستے ہوئے کہا: "تو تم بھی اس کے خواب میں جا کر اس کو کوڑے لگا دینا، حساب برابر ہو جائے گا!"
5. ایک شخص نے امام شعبی سے پوچھا: "ابلیس کی بیوی کا کیا نام ہے؟"
امام شعبی نے جواب دیا: "بھائی، ابلیس نے مجھے اپنی شادی پر بلایا نہیں تھا، ورنہ میں اس سے پوچھ لیتا!"
6. ایک آدمی امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے پاس آیا اور بولا: "جب میں کپڑے اتار کر ندی میں غسل کروں، تو چہرہ قبلہ کی طرف رکھوں یا کہیں اور؟"
امام صاحب نے کہا: "چہرہ اپنے کپڑوں کی طرف رکھو، ورنہ چور انہیں چرا لے گا!"
Comments
Post a Comment